مجلس صوت الاسلام پاکستان معاشرے میں صحیح اسلامی تعلیمات کا فروغ چاہتی ہے کیونکہ ہمارا یقین ہے کہ دین اسلام اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کردہ آخری دین ہے اور یہ دین آنے والے تمام انسانوں کو بنیادی طور پر قیامت تک کے تمام زمانوں کی ہدایت اور راہنمائی کے لیے بھیجا گیا ہے اور انسانیت کی فلاح اور کامیابی اسی سے وابستہ ہے۔
ہمارا عقیدہ اور ایمان ہے کہ رحمۃ للعالمین سرور کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں جو تعلیمات اور اخلاق عطا فرمائے ہیں وہ سب کے سب انسانیت سے محبت اور ان کی خدمت کا درس دیتے ہیں، ہمارے دین کی روح عظمت انسان اور حقوق العباد کا تحفظ کرنے میں ہے یہی وجہ ہے کہ دین اسلام سے زیادہ کسی دین نے نہ تو حقوق کے تحفظ کی بات کی ہے اور نہ ہی حقوق العباد کو اس طرح واضح انداز میں بیان کیا ہے۔
آج ہماری سب سے بڑی بدقسمتی یہ ہے کہ بحیثیت مسلمان ہم حقوق العباد کی ادائیگی کی طرف متوجہ نہیں ہیں اور نہ ہی انہیں اہمیت دیتے ہیں جس کا نتیجہ معاشرتی تباہی کی صورت میں ہمارے سامنے ہے۔
ہماری بدقسمتی کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ ہمارے معاشرے میں جہالت اور لاعلمی کے ساتھ ساتھ ایسے عناصر بھی کثیر تعداد میں موجود ہیں جو اسلامی احکامات اور تعلیمات کی من چاہی تشریح کرکے ہماری نوجوان نسل کو تباہی اور بربادی کی طرف لے جارہے ہیں، یہ عناصر ہمارے نوجوانوں میں اسلام سے محبت کے طبعی جذبات کو معاشرے میں خرابی اور بگاڑ پیدا کرنے کے لیے استعمال کررہے ہیں، ان حالات میں ہم سب کی یہ مشترکہ ذمہ داری ہے کہ معاشرہ میں صحیح اسلامی تعلیمات کو فروغ دیا جائے اور نوجوانوں کو ایسے عناصر سے بچانے کی بھرپور کوشش کی جائے جو ان کو تباہی بربادی کے راستے پر لے جانا چاہتے ہیں اس مقصد کے لیے مجلس صوت الاسلام پاکستان بھرپور کردار ادا کررہی ہے اور مختلف مواقع پر کانفرنسز، سیمینارز، سوشل میڈیا اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے نوجوانوں تک اسلامی تعلیمات پہنچانے اور ان میں ملک وقوم کی خدمت اور انسانیت سے محبت اور اپنے دین سے لگائو پیدا کرنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے۔