اعلامیہ

عالمی بین المذاہب کانفرنس اسلام آباد اقوام عالم خصوصاً نوجوان نسل کو مذہبی تعلیمات کے حصول اور اپنے اپنے مذاہب کے مطابق زندگی گزارنے کی دعوت دیتی ہے۔ ہم اس بات کا اظہار ضروری سمجھتے ہیں کہ آج دنیا کی سب سے بڑی ضرورت اتحاد واتفاق، عدل وانصاف، امن وامان، تحمل وبرداشت اور انسانیت کی عظمت اور اس کے احترام جیسی عمدہ صفات صرف مذہبی تعلیمات کو فروغ دے کر ہی حاصل کی جاسکتی ہیں اور مذہبی تعلیمات کا فروغ ہی دنیا کو امن کا گہوارہ بناسکتا ہے۔

اس موقع پر ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم کے فروغ، عمدہ صفات اپنانے اور انسانیت کی خدمت جیسے عظیم مشن کی طرف متوجہ کرنا چاہتے ہیں اور نوجوانوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنی صلاحیتیں ملک وقوم اور انسانیت کے مفاد میں استعمال کریں۔ ہم دنیا کے اطراف میں پھیلی ہوئی دہشت گردی، قتل وغارت گری، خودکش حملوں سمیت فتنہ وفساد کی تمام اقسام کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اسے انسانیت کے لیے شدید خطرہ سمجھتے ہیں، اسی طرح مذہبی منافرت کی وجہ سے معصوم انسانوں کو نقصان پہنچانا، ان کے بنیادی حقوق سلب کرنا اور ان کی عزت وآبرو پامال کرنا انسانیت کی تذلیل ہے اور یہ ہر مذہب اور اس کی تعلیمات کے خلاف ہے، ہم اپنے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس قسم کی تمام تخریبی سرگرمیوں سے دور رہیں اور ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں جو مذہبی تعلیمات کو انسانیت کے قتل کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر ہم دہشت گردی پھیلانے والی تمام شدت پسند تنظیموں کا تعلق چاہے وہ کسی بھی مذہب یا عقیدے سے تعلق رکھتی ہوں اورکسی بھی معاشرے میں کام کررہی ہوں ان کی سرگرمیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسی طرح مختلف ممالک میں نسلی اور لسانی تعصبات کے فروغ کے لیے سرگرم تمام تنظیموں کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں اور اقوام عالم خصوصاً عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مختلف خطوں میں موجود دیرینہ مسائل افہام وتفہیم اور عدل وانصاف سے حل کروائیں تاکہ ہماری دنیا امن کا گہوارہ بن سکے ۔ کیونکہ ظلم وتشدد سے حقوق سلب کرنا ایسا عمل ہے جو معاشروں میں احساس محرومی پیدا کرنے کا باعث بن رہا ہے اور ہمارے نوجوان مایوسی کا شکار ہوکر شدت پسند تنظیموں کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر ہم دنیا بھر میں امن وامان کے قیام اور بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے کام کرنے والے تمام اداروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں خصوصاً دنیا بھر میں مذہبی رواداری کے فروغ میں خادم حرمین شریفین ملک سلمان بن عبدالعزیز آل سعود حفظہ اللہ اور مملکت عربیہ سعودیہ کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

یہاں موجود دنیا کے26ممالک کے وفود اور سات بڑے مذاہب کے راہنماء اور نمایاں شخصیات اور اسکالرز اس بات کا اظہار ضروری سمجھتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ ہم سب متحد ہوکر دنیا میں امن وامان ،محبت واخوت اور انسانیت کی عظمت کے پیغام کو اپنے اپنے معاشروں میں پھیلائیں گے، تعلیم اور عمدہ اخلاق اپنانے کی دعوت دیں گے اور اپنے اپنے معاشروں میں موجود اقلیتوں کے حقوق اور ان کی مذہبی آزادی سمیت جان ومال کی حفاظت کے لیے سرگرم کردار ادا کریں گے اور اپنی مذہبی تعلیمات کی روشنی میں نوجوانوں کو انسانیت کی بھلائی اور معاشروں کی تعمیر وترقی کے لیے نمایاں کردار ادا کرنے پر آمادہ کریں گے تاکہ ہماری دنیا امن وسکون کا گہوارہ بنے اور ہم سب عزت واحترام ، اطمینان وسکون اور تحفظ کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
اللہ ہم سب کا حامی وناصر ہو

Please follow and like us:

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا. ضرورت کے کھیتوں ک* نشان لگا دیا گیا ہے