اہداف

 

اہداف

ہم اپنے معاشرے کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی معاشرہ ہبنانا چاہتے ہیں

ایک ایسا معاشرہ جہاں عدل و انصاف، محبت و اخوت، علم و حکمت، امن و سکون اور احترام انسانیت جیسی وہ تمام صفات موجود ہوں جو دین اسلام کی بنیادی اور نمایاں خصوصیات ہیں اور کسی بھی ظالم و غاصب کو بنیادی انسانی حقوق غصب کرنے کی جرأت نہ ہو۔

ہم معاشرے کو دہشت گردی، قتل و غارت گری سمیت تمام برائیوں سے پاک کرنا چاہتے ہیں

ہم دہشت گردی سے شدید نفرت کرتے ہیں اور اسے دین اسلام کے ساتھ ساتھ اپنے ملک پاکستان کے استحکام کے لیے بھی بڑا خطرہ تصور کرتے ہیں اسی طرح فرقہ واریت ، لسانیت اور مسلکی تنازعات بھی اتحاد و اتفاق کے لیے شدید خطرہ ہیں، ہمارا کامل یقین ہے کہ ان برائیوں کا دین اسلام سے کسی بھی طرح کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

ہم مذہبی طبقہ کو علم و حکمت ، تحمل و برداشت سے مزین کرنا چاہتے ہیں 

ہماری کوشش ہے کہ ہمارا مذہبی طبقہ علم و حکمت، تحمل و برداشت، اعتدال و بردباری جیسی صفات سے مزین ہو اور ان کے پاس علم و حکمت کے ساتھ ساتھ دلائل کا بے پناہ ذخیرہ ہو، وہ اسلام کی سلامتی کو عام کرنے والے ہوں ، جذبات اور اشتعال کے بجائے عقل و دانش سے کام لینے والے ہوں تاکہ وہ امت مسلمہ اور اقوام عالم کے لیے باعث رحمت ثابت ہوں۔

ہم دینی مدارس کو مضبوط و مستحکم اور ان کی خدمات میں  اضافے کے خواہش مند ہیں

ہماری شدید خواہش ہے کہ ہمارے دینی مدارس مضبوط و مستحکم ہوں اور یہ دینی مدارس ایسے افراد تیار کریں جو زمانہ کو بدلنے کی صلاحیتوں سے مالا مال ہوں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے مدارس جدید ذرائع ابلاغ کو استعمال کرکے اسلامی تعلیمات کو معاشرہ میں عام کرنے کا باعث بنیں۔ دینی مدارس میں عصری علوم کا اضافہ ایک نہایت ہی اہم ضرورت ہے جس کے لیے مجلس صوت الاسلام پاکستان جدوجہد میں مصروف ہے۔

ہم اسلامی احکامات کی روشنی میں انسانی حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں

دین اسلام ہر قسم کی تفریق سے بالاتر تعلیمات پر مشتمل ہے اور انسان کو اللہ رب العزت نے عزت و احترام اور عظمت سے نوازا ہے اور اسلام ہی وہ حقوق عطا کرتا ہے جو انسان کو کائنات کی عظیم ترین مخلوق بناتے ہیں، ہم نے ہمیشہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں انسانوں کو ان کے حقوق دلانے کی بات کی ہے۔