مجلس صوت الاسلام پاکستان نوجوان علماء کرام پر مشتمل ایک دینی اصلاحی تنظیم ہے جسے پاکستان میں نوجوانوں کی سب سے بڑی مذہبی تنظیم کے طور پر پہچانا جاتا ہے، یہ تنظیم ہر قسم کی فرقہ واریت، نسلی اور لسانی تعصبات اور مذہبی منافرت سے بالاتر ہوکر معاشرہ میں صحیح اسلامی تعلیمات کے فروغ، امن وسلامتی، محبت واخوت، بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔
مجلس صوت الاسلام پاکستان ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی دہشت گردی، قتل وغارتگری خودکش حملوں اور بے گناہ معصوم انسانوں کو نقصان پہنچانے والے ہر عمل کو اسلامی تعلیمات کے خلاف سمجھتی ہے اور نوجوانوں کو ان تخریبی کارروائیوں سے بچانے کے لیے خدمات سرانجام دے رہی ہے اور امت مسلمہ خصوصاً پاکستانی عوام میں شدت پسندی اور انتہا پسندی کے نظریات کو ختم کرنے اور تحمل وبرداشت، مذہبی رواداری اور وسعت نظری کے فروغ کے لیے جدوجہد میں مصروف ہے، ہمارا یہ عقیدہ اور ایمان ہے کہ دین اسلام تحمل وبرداشت کا دین ہے اور ہماری مذہبی تعلیمات نے انسانیت کی عظمت اور احترام کو یقینی بنایا ہے اور ان تعلیمات سے روشناس کوئی بھی مسلمان کسی بھی حالت میں کسی بے گناہ اور معصوم انسان کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور نہ ہی انسانیت کی تباہی کے کسی عمل میں شریک ہوسکتا ہے۔
مجلس صوت الاسلام پاکستان صحیح اسلامی تعلیمات کے فروغ، اقوام عالم میں دین اسلام کے بارے میں پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کے خاتمے اور نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات اور سنت مطہرہ اپنانے کی طرف متوجہ کرنے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے کیونکہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ شدت پسندی اور انتہا پسندی کا خاتمہ اسی طرح ممکن ہے کہ صحیح اسلامی تعلیمات اور رحمۃ للعالمین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک سنتیں معاشرے میں عام کی جائیں اور نوجوانوں کو انہیں اپنانے کی دعوت دی جائے تاکہ وہ دین دشمن عناصر کے پروپیگنڈے سے متاثر نہ ہوں۔
مجلس صوت الاسلام پاکستان کی خدمات کا ایک نمایاں حصہ ملک کے مذہبی طبقات نوجوان علماء کرام اور مساجد کے ائمہ اور خطباء سمیت دینی مدارس کے طلباء کو معاشرے کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں علم وحکمت، تحمل وبرداشت، مذہبی رواداری اور انسانیت کے احترام جیسی عظیم صفات اپنانے کی طرف متوجہ کرنا بھی ہے تاکہ یہ علماء معاشرہ میں موجود برائیوں کے خاتمہ کے لیے جدوجہد کریں اور تخریبی عناصر کی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر انداز میں اسلامی تعلیمات کو فروغ دے سکیں۔
نوجوان علمائ، خطباء اور دینی مدارس کے طلباء کے لیے ترتیب دیئے گئے پروگراموں کو ملکی سطح پر بے پناہ پذیرائی حاصل ہوئی اور ان پروگراموں میں شریک نوجوان علماء کی بہت بڑی تعداداندرون اور بیرون ملک کے تمام حصوں میں اسلام کی تبلیغ اور انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے جس پر ہمیں بجا طور پر فخر ہے۔
یہ بات ہمارے لیے باعث اطمینان ہے کہ ملک کے اکثر مذہبی طبقے ہمارے پروگراموں میں نہ صرف شریک ہوتے ہیں بلکہ ہمارے طریقہ کار سے بھی اتفاق کرتے ہیں، ان مذہبی طبقات کا یہ اعتماد ہمارے لیے تقویت کا باعث ہے اور اس سے ہمارے عزائم مزید مضبوط ومستحکم ہوئے ہیں اور مذہبی طبقات کی شمولیت نے ہی ہماری تنظیم کو ملک کی سب سے بڑی مذہبی تنظیم کے طور پر روشناس کروایا ہے۔