کراچی (پ ر) مجلس صوت الاسلام پاکستان کے چیئرمین مفتی ابوہریرہ محی الدین نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت اور 61قیمتی جانوں کے ضائع 100سے زائد کے زخمی ہونے پر دلی دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ مجلس صوت الاسلام کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری مذمتی وتعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گرد سفاک درندے ہیں۔ ان کا کوئی دین ومذہب نہیں ہوتا۔ معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والے یہ سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ حکومت اور سیکورٹی ادارے حملے کے پس پشت عناصر کو بے نقاب کرے۔ مفتی ابوہریرہ محی الدین نے مزید کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے باعث دہشت گرد آخری سانسیں لے رہے ہیں تاہم دشمن پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہا ،انہوں نے کہا کہ دشمن کی ان ناپاک کوششوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، پوری قوم اور مذہبی طبقہ قومی سلامتی کے اداروں کی پشت پر کھڑا ہے۔ مفتی ابوہریرہ محی الدین نے ملک کے اندر جاری سیاسی خلفشار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے۔ پاک چائنا اقتصادی راہداری کو ناکام بنانے کے لئے دشمن نے جنگ مسلط کررکھی ہے۔ خدارا سیاسی جماعتیں ہوش کے ناخن لیں اور دشمن کی سازش کو سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج اور دھرنوں سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ ملک کمزور ہوتا ہے اور دشمن فائدہ اٹھاتا ہے اور کوئٹہ میں دہشت گرد حملہ بھی ہماری اسی کمزوری کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ افواج پاکستان، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں مگر قومی سطح پر ہونے والے خلفشار سے توجہ بٹ جاتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کو حالت جنگ سے نکالنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں کیونکہ ملک ہے تو سیاست بھی ہے اور ہم بھی ہیں۔ مفتی ابوہریرہ محی الدین نے افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آپ کے شانہ بشانہ ہے۔ دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور اب وہ آسان ہدف اور سیکورٹی لیپس کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ لہذا ملک میں تمام عسکری تربیتی مراکز، مساجد ومدارس اور امام بارگاہوں، بازاروں اور عوامی مقامات کی سیکورٹی سخت کی جائے ۔ مفتی ابوہریرہ محی الدین نے کوئٹہ واقعہ میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے بلند درجات، لواحقین کے لئے صبروجمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے دلی افسوس کا اظہار کیا۔
کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں کے حملے
Please follow and like us: