عالمی بین المذاہب کانفرنس اسلام آباد اقوام عالم خصوصاً نوجوان نسل کو مذہبی تعلیمات کے حصول اور اپنے اپنے مذاہب کے مطابق زندگی گزارنے کی دعوت دیتی ہے۔ ہم اس بات کا اظہار ضروری سمجھتے ہیں کہ آج دنیا کی سب سے بڑی ضرورت اتحاد واتفاق، عدل وانصاف، امن وامان، تحمل وبرداشت اور انسانیت کی عظمت اور اس کے احترام جیسی عمدہ صفات صرف مذہبی تعلیمات کو فروغ دے کر ہی حاصل کی جاسکتی ہیں اور مذہبی تعلیمات کا فروغ ہی دنیا کو امن کا گہوارہ بناسکتا ہے۔
اس موقع پر ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم کے فروغ، عمدہ صفات اپنانے اور انسانیت کی خدمت جیسے عظیم مشن کی طرف متوجہ کرنا چاہتے ہیں اور نوجوانوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنی صلاحیتیں ملک وقوم اور انسانیت کے مفاد میں استعمال کریں۔ ہم دنیا کے اطراف میں پھیلی ہوئی دہشت گردی، قتل وغارت گری، خودکش حملوں سمیت فتنہ وفساد کی تمام اقسام کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اسے انسانیت کے لیے شدید خطرہ سمجھتے ہیں، اسی طرح مذہبی منافرت کی وجہ سے معصوم انسانوں کو نقصان پہنچانا، ان کے بنیادی حقوق سلب کرنا اور ان کی عزت وآبرو پامال کرنا انسانیت کی تذلیل ہے اور یہ ہر مذہب اور اس کی تعلیمات کے خلاف ہے، ہم اپنے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس قسم کی تمام تخریبی سرگرمیوں سے دور رہیں اور ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں جو مذہبی تعلیمات کو انسانیت کے قتل کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ "اعلامیہ " پڑھنا جاری رکھیں